اسلام آباد:
غیر قانونی سگریٹس کے خلاف حکومتی کریک ڈاؤن کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، ملک میں غیر قانونی سگریٹس کی مارکیٹ میں حصہ داری 54 فیصد سے کم ہو کر 48 فیصد رہ گئی، سگریٹ سیکٹر سے ٹیکس وصولی 284 ارب روپے سے بڑھ کر 329 ارب روپے پر آگئی۔
اس حوالے سے سینٹر فار مارکیٹ ایجوکیشن ملائیشیا کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق حکومتی اقدامات کے باعث سگریٹ سیکٹر سے ٹیکس وصولی 284 ارب روپے سے بڑھ کر 329 ارب روپے تک پہنچ گئی جس سے قومی خزانے کو 45 ارب روپے اضافی ٹیکس حاصل ہوا۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سگریٹ کی غیر قانونی تجارت سے پاکستان کو سالانہ ایک ارب ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے جبکہ اس غیر قانونی کاروبار سے ضائع ہونے والی آمدن تمباکو شعبے سے حاصل ہونے والے مجموعی ٹیکس کا 117.4 فیصد بنتی ہے، غیر قانونی سگریٹ تجارت سے ہونے والے مالی نقصان کے اعتبار سے پاکستان ایشیا پیسیفک خطے میں تیسرے نمبر پر ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایک ارب سگریٹس کو قانونی شعبے میں منتقل کرنے سے قومی خزانے کو مزید سات ارب روپے کی اضافی آمدن حاصل ہو سکتی ہے، رواں سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران غیر قانونی سگریٹس کی تجارت کے خلاف 675 چھاپے مارے گئے جن میں غیر قانونی سگریٹ سازی میں استعمال ہونے والا 2.94 ملین کلوگرام تمباکو، 77 ہزار 197 کلوگرام ایسیٹیٹ ٹو خام مال اور 61 ہزار 295 کلوگرام سگریٹ پیپر ضبط کیا گیا۔
اسی دوران اسمگل شدہ سگریٹس کے خلاف کارروائیوں میں 156 ملین سگریٹ جبکہ ٹیکس ادا کیے بغیر مقامی طور پر تیار کیے گئے 230.9 ملین سگریٹ بھی قبضے میں لیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران غیر قانونی سگریٹ سازی میں ملوث 14 فیکٹریاں سیل کی گئیں جن کی سالانہ پیداواری صلاحیت 7.4 ارب سگریٹ تھی۔
Leave a Reply
Cancel ReplyRelated News
Popular News
VOTE FOR CHAMPION
fifa world cup 2026
Recent News
Get Latest News
Subscribe to our newsletter to get the latest news and exclusive updates.