اسلام آباد: وزیراعظم یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون اسکیموں کے تحت ذاتی قرضوں کی حد 75 لاکھ روپے سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے اور عمر کی حد 21 سے کم کرکے 18 سال کردی گئی، 30 فیصد قرضے خواتین کے لیے مختص ہوں گے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون اسکیموں کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں لون اسکیم کے تحت نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی اور اسکیموں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون اسکیموں کے تحت ذاتی قرضوں کی حد 75 لاکھ روپے سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کر دی گئی ہے جو آسان اقساط پر فراہم کیے جائیں گے، رواں سال ان اسکیموں کے تحت نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی کے لیے مجموعی طور پر 292 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ وزیراعظم نے نوجوانوں کے لیے کاروباری اور زرعی سرگرمیوں میں مالی معاونت کے مؤثر انتظامات پر وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ اجلاس میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے، کاروبار کے مواقع فراہم کرنے اور زرعی شعبے میں ان کی شمولیت بڑھانے کے حوالے سے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ قرضوں کی فراہمی کے پروگرام میں خواتین کے لیے 30 فیصد قرضے مختص کیے جائیں تاکہ انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے اور کاروباری سرگرمیوں میں ان کی شمولیت بڑھانے کے مواقع میسر آئیں۔ وزیراعظم نے نوجوانوں کے لیے قرض حاصل کرنے کی کم از کم عمر کی حد 21 سال سے کم کرکے 18 سال کرنے کی ہدایت کی تاکہ نوجوانوں کو کم عمری میں ہی کاروبار شروع کرنے اور زرعی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
Leave a Reply
Cancel ReplyRelated News
Popular News
VOTE FOR CHAMPION
fifa world cup 2026
Recent News
Get Latest News
Subscribe to our newsletter to get the latest news and exclusive updates.